پاکستان کو امریکا-ایران مذاکرات میں شرکت کی دعوت، دفتر خارجہ کی تصدیق
دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں حصہ لینے کی دعوت موصول ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کو اس اہم سفارتی فورم میں مدعو کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات استنبول میں اس ہفتے منعقد ہو رہے ہیں اور امریکا اور ایران کے درمیان بیک ڈور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئے ہیں۔ مذاکرات کی سہولت کاری کے لیے پاکستان اور ترکی نے مشترکہ کوششیں کیں۔
سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران اور امریکا کے جوہری مذاکرات جمعہ کو ترکی میں دوبارہ شروع ہوں گے، جبکہ یہ مذاکرات مئی 2023 سے تعطل کا شکار تھے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں سعودی عرب، قطر، عمان، پاکستان، مصر اور متحدہ عرب امارات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ ایرانی سفارتی ذرائع نے کہا کہ استنبول مذاکرات کے نتائج سے یہ واضح ہوگا کہ امریکا سنجیدہ اور نتیجہ خیز بات چیت کے لیے تیار ہے یا نہیں۔
ایران نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی دفاعی تیاریاں مکمل اور ہر ممکن صورتحال کے لیے مضبوط ہیں، اور اس موضوع پر کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
یہ پیش رفت خطے میں سیکیورٹی و سفارتی توازن کے لیے اہم ہے، اور پاکستان کی شرکت کو خطے میں سفارتی اثر و رسوخ بڑھانے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
