سال 2025 میں سعودی عرب نے کتنے زائرین کی میزبانی کی؟ رپورٹ سامنے آ گئی
عالمی خبریں

سال 2025 میں سعودی عرب نے کتنے زائرین کی میزبانی کی؟ رپورٹ سامنے آ گئی

03 Feb 2026 4,609

سعودی عرب نے سال 2025 کے دوران بیرونِ ملک سے آنے والے تقریباً 2 کروڑ حجاج اور معتمرین کی مہمان نوازی کی، جس میں ایک کروڑ 95 لاکھ غیر ملکی زائرین شامل تھے۔

سعودی قومی مرکز برائے کارکردگیِ سرکاری ادارہ جات (اداء) کی رپورٹ کے مطابق فراہم کی جانے والی خدمات پر زائرین کی اطمینان کی شرح 90 فیصد سے زیادہ رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کی شرح 91 فیصد جبکہ معتمرین میں یہ شرح 94 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو زائرین کی خوشنودی اور خدمات کے معیار کی عکاسی کرتی ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار منصوبہ بندی، عملی اقدامات اور 60 سے زائد اداروں کے باہمی تعاون کے تحت فراہم کردہ مربوط خدمات کا نتیجہ ہیں۔ زائرین کی رہائش، نقل و حمل، کھانے پینے اور عبادتی سہولیات میں معیار کو بلند رکھنے کے لیے سعودی حکومت نے ہر پہلو کا خاص خیال رکھا۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے حجاج و معتمرین کی خدمت میں معیار اور اطمینان کو اولین ترجیح دی گئی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب عالمی سطح پر مذہبی زیارات کے حوالے سے انتظامی مہارت اور مہمان نوازی میں ایک مثالی مقام رکھتا ہے۔