معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام کو قتل کر دیا گیا، عرب ٹی وی کا دعویٰ
تازہ ترین

معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام کو قتل کر دیا گیا، عرب ٹی وی کا دعویٰ

04 Feb 2026 9,359

لیبیا ایک بار پھر شدید سیاسی و عسکری بحران کی لپیٹ میں آ گیا ہے، جہاں سابق آمر معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

مغربی لیبیا کے شہر زنتان سے تعلق رکھنے والے مقامی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سیف الاسلام قذافی مسلح جھڑپوں کے دوران مارے گئے۔

عرب ٹی وی کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ سیف الاسلام قذافی مغربی لیبیا کے علاقے الحمادہ میں ہونے والی شدید فائرنگ اور جھڑپوں کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے۔ یہ بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ انہیں ان کے باغ میں ہی نامعلوم 4 مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔

معاملے کی سنگینی اس وقت مزید بڑھ گئی جب سیف الاسلام قذافی کے قریبی مشیر عبداللہ عثمان نے بھی ان اطلاعات کی تصدیق کر دی۔

تاہم تاحال لیبیا کی سرکاری حکومت یا سکیورٹی اداروں کی جانب سے اس خبر کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آ سکی جبکہ آزاد ذرائع سے بھی اس دعوے کی تصدیق ممکن نہ ہو سکی ہے۔

سیف الاسلام قذافی وہ متنازع شخصیت تھے جنہوں نے نومبر 2021 میں جنوبی لیبیا کے شہر سبہا میں اچانک منظر عام پر آ کر صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے۔

وہ اپنے والد کی طرز کا لباس اور عمامہ پہن کر عوام کے سامنے آئے تھے، جس نے ملکی سیاست میں ہلچل مچا دی تھی۔

سیف الاسلام کو ماضی میں طرابلس کی عدالت نے 2015 میں سزائے موت سنائی تھی، جو بعد میں عام معافی کے قانون کے تحت ختم کر دی گئی، تاہم ان پر بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات اب بھی موجود تھے۔

لیبیا میں صدارتی انتخابات تاحال ملتوی ہیں، اور ایسے میں سیف الاسلام قذافی کی مبینہ ہلاکت کی خبر نے ملک کو ایک نئی غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے، جس کے اثرات خطے کی سیاست پر بھی پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔