بھارت میں گھریلو تشدد بے لگام، شوہر نے شک کی بنیاد پر بیوی کا سر مونڈ دیا
عالمی خبریں

بھارت میں گھریلو تشدد بے لگام، شوہر نے شک کی بنیاد پر بیوی کا سر مونڈ دیا

05 Feb 2026 6,804

بھارت کی ریاست کرناٹک کے شہر بیلگاوی سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے ملک میں گھریلو تشدد اور خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے مظالم کی طرف عالمی توجہ مبذول کر دی ہے۔

31 سالہ شوہر امیش کوٹلاگی نے  کردار پر شبہ کے بہانے اپنی بیوی کے ساتھ ایسا ظلم کیا کہ سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچ گیا۔

واقعہ 31 جنوری کو ساولگی پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع گاؤں ٹوڈلا باگی میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق تلخ کلامی کے دوران شوہر نے الیکٹرک ٹرمر کا استعمال کرتے ہوئے اپنی بیوی کا سر مونڈ دیا اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ واقعہ کا محرک شوہر کا اپنی بیوی پر کسی دوسرے شخص کے ساتھ تعلقات کا شبہ تھا۔

متاثرہ خاتون نے خوف اور صدمے کے باوجود پولیس سے رابطہ کیا اور تفصیلی شکایت درج کرائی، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق شکایت میں دیگر گھریلو تنازعات یا جہیز کے لیے ہراساں کرنے کے الزامات شامل نہیں تھے، تاہم یہ واقعہ بھارت میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے گھریلو تشدد کا ایک اور المناک ثبوت ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے واقعے کو بھارتی معاشرتی رویوں اور عورتوں کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات کے تناظر میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

بہت سے حلقوں نے کہا کہ بھارت میں خواتین کے حقوق اور حفاظت کے نام نہاد دعوے صرف کاغذی ہیں، جب کہ حقیقی زندگی میں ہر روز ایسے خوفناک مظالم سرزد ہو رہے ہیں۔