معروف بالی ووڈ کامیڈی اداکار راج پال یادیو بڑی مشکل میں پھنس گئے
شوبز

معروف بالی ووڈ کامیڈی اداکار راج پال یادیو بڑی مشکل میں پھنس گئے

06 Feb 2026 3,808

بالی وڈ کے معروف کامیڈی اداکار راج پال یادیو قانونی مشکلات کے بھنور میں پھنس گئے اور بالآخر چیک باؤنس کیس میں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نے عدالت کی جانب سے دی گئی مہلت ختم ہونے سے قبل تہاڑ جیل پہنچ کر سرنڈر کیا۔

ذرائع کے مطابق نئی دہلی ہائیکورٹ نے راج پال یادیو کے خلاف چیک ڈس آنر کے متعدد مقدمات میں پہلے دی گئی رعایت واپس لیتے ہوئے واضح حکم دیا تھا کہ وہ 4 فروری تک متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹ کے سامنے پیش ہوں۔ عدالت کے سخت رویے کے بعد اداکار کو گرفتاری دینا پڑی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تصفیہ کی رقم ادا نہ کرنے پر معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا تھا۔ اداکار کے وکیل نے عدالت سے 50 لاکھ روپے کی ادائیگی کے لیے ایک ہفتے کی مہلت مانگی تھی، تاہم عدالت نے مزید نرمی سے انکار کر دیا۔

فلمی دنیا میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے پہچانے جانے والے راج پال یادیو اب قانونی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، اور ان کی گرفتاری نے شوبز حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ کیس کے اگلے مرحلے پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔