ایران سے مذاکرات کا اگلا دور بھی پاکستان میں ہوسکتا ہے،ڈونلڈ ٹرمپ
تازہ ترین

ایران سے مذاکرات کا اگلا دور بھی پاکستان میں ہوسکتا ہے،ڈونلڈ ٹرمپ

14 Apr 2026 2,857

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ دو دن کے اندر پاکستان میں دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے ایران امریکا مذاکرات کا اگلا دور میں پاکستان میں ہونے کا عندیہ دیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے بات چیت کے حوالے سے جلد پیش رفت متوقع ہے اور مذاکرات کے دوبارہ آغاز کا امکان موجود ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صحافی سے کہا کہ ’آپ کو وہیں رہنا چاہیے کیوں کہ اگلے دو دن میں کچھ ہوسکتا ہے اور ہم اس طرف زیادہ مائل ہیں‘۔

انہوں نے پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ شاندار آدمی ہیں، اسی لیے عین ممکن ہے کہ ہم دوبارہ وہاں جائیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مذاکرات کے امکانات اس لیے زیادہ ہیں کیونکہ ’فیلڈ مارشل بہترین کام کر رہے ہیں‘۔

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تنازع کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر کوششیں جاری ہیں، جس میں خاص طور پر پاکستان پیش پیش ہے۔