عمان میں برف پگھلنے لگی، ایران اور امریکا مذاکرات کے اگلے مرحلے پر متفق
ایران اور امریکا کے درمیان عمان میں ہونے والے اہم مذاکرات کے بعد دونوں ممالک نے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق فریقین نے آئندہ تاریخ طے کر کے مذاکرات کو آگے بڑھانے کی مفاہمت کی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مذاکرات کو ’’اچھی شروعات‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ جوہری امور پر بات چیت جاری رکھنے پر اصولی اتفاق ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے اپنے اپنے مؤقف، خیالات اور تحفظات ایک دوسرے تک واضح انداز میں پہنچائے۔
وزیر خارجہ کے مطابق مذاکراتی ٹیمیں مشاورت کے لیے اپنے اپنے ممالک واپس جائیں گی، تاہم رابطے اور بات چیت کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلقات میں بہتری کے لیے امریکا اور ایران کو باہمی بےاعتمادی کی دیوار عبور کرنا ہوگی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عمان میں ہونے والی یہ ملاقات خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، اور اگر بات چیت کا یہ سلسلہ برقرار رہا تو جوہری تنازع کے حل کی جانب عملی پیش رفت ممکن ہو سکتی ہے۔
