تازہ ترین:
پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں نیدرلینڈز کو زیر کر کے ورلڈکپ کا شاندار آغاز کر دیا
کھیل

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں نیدرلینڈز کو زیر کر کے ورلڈکپ کا شاندار آغاز کر دیا

07 Feb 2026 3,889

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی معرکے میں پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ سنہالیز اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے 148 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک مرحلے پر مشکلات کا شکار دکھائی دی جب 114 رنز پر 7 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

ایسے نازک وقت میں فہیم اشرف نے میدان سنبھالا اور صرف 11 گیندوں پر 29 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ نے ٹیم کو ممکنہ شکست سے بچاتے ہوئے کامیابی کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اوپنر صاحبزادہ فرحان 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ صائم ایوب نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم 15 اور کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنا سکے۔ شاداب خان 8 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نواز اور عثمان خان کھاتہ کھولے بغیر واپس لوٹ گئے۔

ڈچ بولرز نے بھی سخت مقابلہ کیا۔ آریان دت اور پال وین میکران نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ وینڈر مروا، لوگن وین بیک اور کائل کلین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 اور باس ڈی لیڈ 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مائیکل لیوٹ نے 24 اور کولن ایکر مین نے 20 رنز اسکور کیے، تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ مزاحمت نہ دکھا سکے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد نواز، صائم ایوب اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔