دنیا کا سب سے بڑا قرآن، جس نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا اور دل جیت لیے
مکہ مکرمہ کے معروف حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں قائم قرآن میوزیم میں محفوظ دنیا کے سب سے بڑے قرآن کریم کو باضابطہ طور پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ تاریخی اعزاز نہ صرف اسلامی ورثے کی شاندار مثال ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
یہ عظیم الشان نسخہ سات سو صفحات پر مشتمل ہے اور اس کا حجم 312 × 220 سینٹی میٹر ہے، جسے دسویں صدی ہجری کے ایک تاریخی نسخے کی طرز پر تیار کیا گیا۔
تیاری میں قدیم کتابت کے اصولوں کو جدید مہارت کے ساتھ یکجا کیا گیا تاکہ تاریخی روایت بھی برقرار رہے اور فنکارانہ معیار بھی بلند ہو۔
رپورٹس کے مطابق، اس قرآن میں سورتوں کو خطِ ثلث میں جبکہ سورۃ الفاتحہ کو خطِ نسخ میں تحریر کیا گیا، اور عربی خطاطی، گلڈنگ اور نفیس بائنڈنگ کے امتزاج نے اسے ایک شاہکار بنا دیا ہے۔
اس عظیم نسخے کی بنیاد ایک قدیم قرآن پر رکھی گئی تھی، جو سنہ 1300 ہجری (1883 عیسوی) میں وقف کیا گیا تھا اور اب شاہ عبدالعزیز کمپلیکس کی لائبریری میں محفوظ ہے۔
حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کے قرآن میوزیم میں مختلف ادوار کے نادر اور تاریخی نسخے بھی رکھے گئے ہیں، جو سیاحوں، محققین اور قرآن کے شائقین کے لیے خاص کشش رکھتے ہیں۔
