قذافی اسٹیڈیم میں بڑی بیٹھک، بھارت سے میچ یا بائیکاٹ فیصلہ حکومت کے ہاتھ میں
تازہ ترین

قذافی اسٹیڈیم میں بڑی بیٹھک، بھارت سے میچ یا بائیکاٹ فیصلہ حکومت کے ہاتھ میں

09 Feb 2026 3,466

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی معاملات پر لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان طویل اور نہایت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاک بھارت میچ سمیت کئی حساس امور زیرِ بحث آئے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی وفد کے ساتھ ہونے والی بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی، تاہم بعض نکات پر سخت اور دوٹوک مؤقف بھی اختیار کیا گیا۔

پاکستان نے اپنے تحفظات اور شرائط مدلل انداز میں پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ قومی مفاد اور سیکیورٹی معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

اجلاس میں آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں پاک بھارت مقابلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسے ہر صورت ممکن بنایا جانا چاہیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے نمائندے عمران خواجہ اجلاس کی تفصیلات سے آئی سی سی کو آگاہ کریں گے، جس کے بعد ایک سے دو روز میں پاکستانی تجاویز اور شرائط پر باضابطہ جواب متوقع ہے۔

اجلاس کے دوران عمران خواجہ نے بعض معاملات پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے مؤقف کی حمایت بھی کی اور دونوں بورڈز کے تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

دوسری جانب اگلے مرحلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی جلد وزیراعظم شہباز شریف کو اجلاس میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ حتمی فیصلہ حکومتِ پاکستان ہی کرے گی۔