پی سی بی اور بی سی بی سے مذاکرات کے بعد آئی سی سی کا مشترکہ اعلامیہ جاری
کھیل

پی سی بی اور بی سی بی سے مذاکرات کے بعد آئی سی سی کا مشترکہ اعلامیہ جاری

10 Feb 2026 5,314

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ساتھ لاہور میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات کے بعد باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس میں جنوبی ایشیا میں کرکٹ کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق مذاکرات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں مکمل ہوئے، جہاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سمیت خطے میں کرکٹ کے فروغ، باہمی تعاون اور انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

آئی سی سی نے بنگلا دیش کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ بی سی بی عالمی کرکٹ کا ایک مضبوط اور بااثر رکن ہے۔

اعلامیے میں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ پر کسی قسم کی مالی، انتظامی یا کھیلوں سے متعلق پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔

مزید برآں آئی سی سی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ بنگلا دیش کو ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی سے رجوع کرنے کا مکمل حق حاصل ہوگا، تاکہ کسی بھی اختلافی معاملے کو باضابطہ طریقہ کار کے تحت حل کیا جا سکے۔

اعلامیے میں ایک اہم پیش رفت یہ بھی سامنے آئی کہ آئی سی سی نے بنگلا دیش کی میزبانی کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 2028 سے 2031 کے درمیان ایک آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، جو معمول کے ضابطہ کار اور منظوری کے مراحل سے مشروط ہوگا۔

بیان کے اختتام پر آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی نے کرکٹ کے اتحاد، شفافیت اور کھیل کی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا، اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں کرکٹ کو سیاسی یا انتظامی تنازعات سے بالاتر رکھتے ہوئے آگے بڑھایا جائے گا۔