پاک بھارت ٹاکرا برقرار، حکومت پاکستان کی اجازت کے بعد 15 فروری کو میچ کنفرم
حکومتِ پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف شیڈول کے مطابق 15 فروری کا میچ کھیلنے کی باضابطہ اجازت دے دی ہے۔ فیصلہ کثیرالجہتی مشاورت، سفارتی رابطوں اور کرکٹ کے عالمی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ ہونے والی اعلیٰ سطحی بات چیت سے آگاہ کیا۔
حکومت نے بی سی بی کی باضابطہ درخواست، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات سمیت دوست ممالک کی تجاویز اور خط و کتابت کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔
بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے کرکٹ کے مفاد میں پاکستان سے میچ کھیلنے کی اپیل کی، جس کا حکومت نے خیرمقدم کیا اور بنگلا دیش کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔ اماراتی کرکٹ بورڈ نے بھی فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی تھی۔
دوسری جانب سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطے میں پاک بھارت میچ سری لنکا میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی اور ماضی میں پاکستان کی حمایت کو سراہا۔ وزیراعظم نے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کرنے کا کہا تھا۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے واضح کیا کہ میچ سے متعلق حتمی اختیار حکومت کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی دباؤ میں نہیں آتا، مگر “گھر آئے مہمان کو عزت دینی چاہیے” اور کھیل کے تسلسل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ قدم کرکٹ کی روح، عالمی ایونٹ کے تسلسل اور شریک ممالک کے مفاد میں اٹھایا گیا ہے۔ وزیراعظم اور قوم نے “مین اِن گرین” کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم قومی وقار اور کھیل کے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
