نیپرا کا نیا نظام، یونٹ کے بدلے یونٹ کا دور ختم، نیٹ بلنگ ریگولیشنز 2026 نافذ
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2026 کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت صارفین کو اب بجلی کے یونٹ کے بدلے یونٹ نہیں ملیں گے بلکہ نیٹ بلنگ کے نئے نظام کے مطابق نیشنل ایوریج انرجی پرائس کے حساب سے ادائیگی کرنا ہوگی۔
نئی ریگولیشنز کے مطابق بلنگ سائیکل کے اختتام پر بل جاری ہوگا، اور نیٹ میٹرنگ صارفین کو موجودہ رائج ٹیرف کے تحت بجلی فراہم کی جائے گی۔ اضافی بجلی کی صورت میں نیشنل گرڈ کو فراہم کردہ یونٹس کے بدلے صارفین کو سہ ماہی بنیادوں پر ادائیگی کی جائے گی۔
یہ نظام بائیوگیس صارفین پر بھی لاگو ہوگا، اور نیٹ میٹرنگ معاہدے کی مدت اب پانچ سال تک محدود ہوگی، جس کے بعد مزید پانچ سال کی تجدید ممکن ہوگی۔ اس کے نفاذ کے بعد نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2015 معطل کر دی جائیں گی۔
نیپرا کے اس اقدام سے صارفین کو بجلی کی فراہمی اور ادائیگی میں شفافیت اور واضح قواعد فراہم کیے جائیں گے، جبکہ یونٹ کے بدلے یونٹ کی پرانی سہولت ختم ہو گئی ہے۔
