پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے ہرا کر پرانا حساب چکتا کر دیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے کے اہم مقابلے میں پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اہم کامیابی اپنے نام کر لی۔ کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 158 رنز تک محدود رہی۔
امریکا کی جانب سے شبھم رنجانے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 51 رنز بنائے جبکہ شایان جہانگیر 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ملند کمار نے 29 رنز جوڑے، تاہم دیگر بیٹرز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
کپتان مونانک پٹیل صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ محمد محسن اور سنجے کرشنامورتی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ عثمان طارق نے تین شکار کیے، شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور اسی اننگز کے دوران انہوں نے اپنے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے۔
بابر اعظم نے 46 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اسکور کو مستحکم کیا جبکہ شاداب خان نے 30 رنز کا اضافہ کیا۔
دیگر بلے بازوں میں صائم ایوب 19، محمد نواز 5 اور فہیم اشرف 1 رن بنا سکے۔ کپتان سلمان آغا اور محمد عثمان صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ابرار احمد بھی کھاتہ نہ کھول سکے۔ شاہین شاہ آفریدی 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
امریکی بولر شیڈلے وین اسکالکوک چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب رہے جبکہ محمد محسن، سوربھ نیٹراولاکر اور ہرمیت سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
