پاکستان کی ’ہاں‘ سے آئی سی سی کی تجوری میں کتنا پیسہ جمع ہو گا؟
کھیل

پاکستان کی ’ہاں‘ سے آئی سی سی کی تجوری میں کتنا پیسہ جمع ہو گا؟

11 Feb 2026 3,979

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میدان میں اترنے کے فیصلے نے نہ صرف شائقین میں جوش بھر دیا بلکہ آئی سی سی کو ممکنہ بھاری مالی نقصان سے بھی بچا لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر یہ ہائی وولٹیج مقابلہ نہ ہوتا تو براڈکاسٹنگ حقوق، گیٹ منی اور اسپانسرشپ کی مد میں تقریباً 174 ملین امریکی ڈالرز کا نقصان متوقع تھا۔

پاکستان کی جانب سے میچ کھیلنے کی رضامندی کے فوراً بعد سفری اور ہوٹل انڈسٹری میں غیر معمولی سرگرمی دیکھنے میں آئی۔

ممبئی اور کولمبو کے فضائی کرایوں میں اچانک اضافہ ہوا اور ابتدائی اندازوں کے مطابق ٹکٹوں کی قیمتیں 10 ہزار سے بڑھ کر 60 ہزار روپے تک جا پہنچیں۔ کولمبو کی ہوٹل انڈسٹری نے بھی بکنگ میں تیزی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل غیر یقینی صورتحال کے باعث کئی شائقین نے ہوٹل بکنگ منسوخ کر دی تھیں جبکہ متعدد افراد پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی ری فنڈ پالیسی کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے تھے۔

آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان مذاکرات کے بعد حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دی۔