ملکی ایوی ایشن سیکٹر میں دو نئی ایئر لائنز کی آپریشنز شروع کرنے کی تیاری
ملکی ایوی ایشن سیکٹر میں نئی ہلچل پیدا ہونے جا رہی ہے، جہاں ایک مسافر بردار اور ایک کارگو ایئر لائن جلد اپنے آپریشنز کا آغاز کرنے کی تیاری میں ہیں۔ حکام کے مطابق تمام انتظامی اور تکنیکی مراحل تقریباً مکمل ہوچکے ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’ایئر کراچی‘‘ کے نام سے متعارف ہونے والی نئی ایئر لائن نے طیارہ لیز پر حاصل کرنے کے معاملات طے کرلیے ہیں اور امکان ہے کہ مئی یا جون سے باقاعدہ پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔
ابتدائی مرحلے میں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور سکھر کے درمیان اندرونِ ملک پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ آئندہ سال بین الاقوامی روٹس پر جانے کی منصوبہ بندی بھی زیر غور ہے۔
دوسری جانب کارگو مارکیٹ میں بھی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ٹی سی ایس بوئنگ 747-400 طیارہ اپنے بیڑے میں شامل کر رہی ہے، جو ابتدائی طور پر مکمل طور پر کارگو سروس کے لیے استعمال ہوگا۔
اسی طرح کے ٹو ایئر بھی اپنے فریٹ آپریشن کو وسعت دیتے ہوئے اسی سیریز کا ایک اور طیارہ شامل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں فضائی کارگو کا شعبہ طویل عرصے سے غیر ملکی کمپنیوں کے زیر اثر رہا ہے، تاہم مقامی کمپنیوں کی شمولیت سے مقابلہ بڑھے گا اور برآمدی صنعت کو تقویت ملے گی۔
اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ روزانہ تقریباً 90 ہزار سے ایک لاکھ افراد اندرون و بیرون ملک سفر کرتے ہیں۔ نئی ایئر لائنز کی آمد سے نہ صرف مسافروں کے لیے آپشنز بڑھیں گے بلکہ کرایوں اور سہولیات میں بھی بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق نئی کمپنیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ایوی ایشن اور لاجسٹکس کے شعبے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔
