تاریخ رقم، ٹی20 ورلڈکپ کا پہلا ڈبل سپر اوور میچ، پروٹیز نے سنسنی خیز جنگ جیت لی
آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں کرکٹ شائقین نے وہ منظر دیکھا جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔ جنوبی افریقا اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا گروپ میچ ٹورنامنٹ کی تاریخ کا پہلا ڈبل سپر اوور مقابلہ بن گیا، جہاں اعصاب شکن معرکے کے بعد پروٹیز نے 4 رنز سے کامیابی سمیٹ لی۔
نریندر مودی اسٹیڈیم میں افغانستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پروٹیز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔
رائن ریکلٹن نے 61 جبکہ کوئنٹن ڈی کوک نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 114 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے 3، راشد خان نے 2 اور فضل الحق فاروقی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں افغانستان نے بھرپور مزاحمت دکھائی۔ رحمان اللہ گرباز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 42 گیندوں پر 87 رنز بنا ڈالے، جس میں 7 فلک شگاف چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
آخری اوور تک سنسنی برقرار رہی اور پوری افغان ٹیم 187 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں میچ برابر ہوگیا۔ جنوبی افریقا کے لنگی نگیڈی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پہلا سپر اوور بھی فیصلہ کن ثابت نہ ہوسکا۔ افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 17 رنز بنائے، مگر جنوبی افریقا نے بھی 17 رنز بنا کر مقابلہ برابر کردیا۔ یوں تاریخ میں پہلی بار ڈبل سپر اوور کی نوبت آگئی۔
دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 23 رنز اسکور کیے اور افغانستان کو 24 رنز کا ہدف دیا۔ افغان بیٹرز نے آخری لمحے تک کوشش جاری رکھی مگر 6 گیندوں پر 19 رنز تک محدود رہے اور پروٹیز نے یہ تاریخی مقابلہ 4 رنز سے جیت لیا۔
