پی ایس ایل 11 میں پہلی بار ریکارڈ 103 کھلاڑیوں کی خریدوفروخت
کھیل

پی ایس ایل 11 میں پہلی بار ریکارڈ 103 کھلاڑیوں کی خریدوفروخت

12 Feb 2026 5,858

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی، جب پہلی بار باقاعدہ پلیئرز آکشن کا انعقاد کیا گیا اور ریکارڈ 103 کھلاڑی مختلف فرنچائزز کا حصہ بن گئے۔

ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہونے والی یہ طویل نیلامی کئی گھنٹوں تک جاری رہی، جہاں لیگ کی آٹھوں ٹیموں نے بھرپور حکمت عملی کے ساتھ اپنے اسکواڈ مکمل کیے۔ فرنچائز مالکان اور ٹیم ڈائریکٹرز کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔

نیلامی میں راولپنڈی کی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں فروخت ہو کر سب سے مہنگے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ دوسری جانب ان کے غیر ملکی ساتھی ڈیرل مچل 8 کروڑ 5 لاکھ روپے کے عوض سب سے مہنگے اوورسیز پلیئر قرار پائے۔

آکشن کے اختتام پر آٹھوں ٹیموں کے مجموعی کھلاڑیوں کی تعداد 141 تک جا پہنچی، جبکہ ہر فرنچائز نے 16 سے 20 رکنی اسکواڈ تشکیل دے لیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس بار ٹیموں نے نوجوان ٹیلنٹ اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج بنانے کی کوشش کی ہے۔