شناکا کی ریکارڈ ساز اننگز کے سہارے سری لنکا نے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 16 ویں مقابلے میں سری لنکا نے شاندار اور ریکارڈ ساز کارکردگی دکھاتے ہوئے عمان کو 105 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔
226 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 120 رنز تک محدود رہی۔ محمد وسیم 53 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ وسیم علی 27 رنز بنا سکے، ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔
سری لنکن باؤلرز نے نپی تلی لائن اور جارحانہ حکمت عملی کے ذریعے عمانی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔ دشمانتھا چمیرا اور مہیش تھیکشانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ دونتھ ویلا لاگے، دشن ہیمانتھا اور کمیندو مینڈس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل عمان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم یہ فیصلہ ان کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔ سری لنکا نے ابتدا ہی سے برق رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز اسکور کیے، جو رواں ایونٹ کا اب تک سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
پتھم نسانکا نے 28 گیندوں پر 60 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ کوشال مینڈس نے 45 گیندوں پر 61 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی جو مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اس پوزیشن پر سری لنکا کی سب سے بڑی پارٹنرشپ قرار پائی۔
اختتامی اوورز میں کپتان داسن شاناکا نے صرف 19 گیندوں پر نصف سنچری جڑ کر تاریخ رقم کی، یہ سری لنکا کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین ففٹی ہے۔
عمان کی جانب سے جیتین رامانندی نے دو جبکہ جے اوڈیڈرا اور سفیان محمود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، مگر سری لنکن بیٹنگ اسٹارم کو روکنا ان کے بس میں نہ تھا۔
