پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے پی سی بی چیئرمین کولمبو پہنچ گئے
وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی ہائی وولٹیج پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے سری لنکا پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
کولمبو کے بندرانائیکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سری لنکا کے نائب وزیر برائے پورٹس و ایوی ایشن جنیتھیا راون کوڈ یتھوواکو نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز بھی موجود تھے۔
آمد کے فوراً بعد محسن نقوی اور سری لنکن وزیر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، باہمی تعلقات اور کرکٹ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سری لنکن وزیر نے کہا کہ پاکستان کے اعلیٰ وفد کی آمد ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے اور دونوں ممالک کے کھیلوں کے روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران سری لنکا پاکستان کی میزبانی کر رہا ہے اور ہم اپنے میزبان کے احترام کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ کل بروز اتوار 15 فروری کو کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ شیڈول ہے، جس کے لیے قومی ٹیم پہلے ہی بھرپور تیاری کر چکی ہے۔
چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور ڈائریکٹر میڈیا عامر میر بھی کولمبو پہنچے ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ دورہ نہ صرف اہم کرکٹ مقابلے کے حوالے سے بلکہ پاک سری لنکا اسپورٹس ڈپلومیسی کے تناظر میں بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔
