کولمبو میں پاک بھارت ٹاکرا، بارش کے بادل، شائقین کی نگاہیں موسم پر مرکوز
کھیل

کولمبو میں پاک بھارت ٹاکرا، بارش کے بادل، شائقین کی نگاہیں موسم پر مرکوز

14 Feb 2026 6,991

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سب سے ہائی وولٹیج مقابلے، پاکستان اور بھارت کے گروپ اے میچ کے آغاز سے قبل کولمبو کے موسم نے شائقین کے دل دھڑکانے لگے ہیں۔

سری لنکن محکمہ موسمیات کے مطابق بحر بنگال میں کم دباؤ کے نظام کے اثرات کے باعث اتوار کی شام کو میچ میں بارش کا امکان قوی ہے۔ دن کے آغاز میں کولمبو کا درجہ حرارت گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے، جو تقریباً 30 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

تاہم دوپہر کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے، جس کے امکانات 50 سے 70 فیصد بتائے جا رہے ہیں۔ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شیڈول میچ میں ممکن ہے ٹاس میں تاخیر یا اوورز کی تعداد کم کرنے کی ضرورت پڑے۔

کچھ موسمی ماڈلز کے مطابق شام 8 بجے کے بعد موسم میں جزوی بہتری آ سکتی ہے، لیکن رات بھر وقفے وقفے سے بارش کے امکانات برقرار رہیں گے۔ اگر بارش میچ کے دوران آ گئی تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔

شائقین کی دعا ہے کہ عالمی کرکٹ کے اس سب سے بڑے مقابلے کو موسم کی رکاوٹ سے بچایا جائے اور کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ ٹاکرا بارش سے آزاد ہو کر مکمل دلچسپی کے ساتھ کھیلا جائے۔