عالمی کرکٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے کے لیے آج کولمبو میں میدان سجے گا
ٹی 20 ورلڈکپ کے سب سے بڑے مقابلے میں آج پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے اور کرکٹ کی دنیا کی نظریں کولمبو پر جم گئی ہیں۔
قومی کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ ماضی کا ریکارڈ تاریخ بن چکا، ہر میچ ایک نیا دن ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فتح کا فیصلہ ٹاس نہیں بلکہ میدان میں 40 اوورز کی بہتر حکمت عملی کرے گی۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ کنڈیشنز کے مطابق کمبی نیشن طے ہوگا اور عثمان طارق ٹیم کے “ٹرمپ کارڈ” ثابت ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے بھی چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور عثمان طارق جیسے بولرز کے خلاف بھرپور پریکٹس کی جاچکی ہے اور ہم ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔
میچ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور آئی سی سی کے سربراہ جے شاہ سمیت اعلیٰ حکام بھی اس ہائی وولٹیج مقابلے کے لیے کولمبو میں موجود ہوں گے۔
بارش کے خدشات کے باوجود دونوں ٹیمیں ہر صورتحال کے لیے تیار ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عالمی کرکٹ کے اس سب سے بڑے ٹاکرے میں آج کون بازی لے جاتا ہے۔
