تازہ ترین:
آئی ایم ایف نے بجلی نرخوں پر حکومت سے مشاورت کا عندیہ دے دیا
کاروبار

آئی ایم ایف نے بجلی نرخوں پر حکومت سے مشاورت کا عندیہ دے دیا

15 Feb 2026 3,713

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بجلی کے مجوزہ ٹیرف میں تبدیلی سے متعلق تفصیلی مشاورت جاری ہے، جس میں عوامی اثرات کو مرکزی اہمیت دی جارہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایم ایف حکام کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں اس پہلو پر خصوصی غور کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ نرخوں میں ردوبدل کا اضافی بوجھ کم اور متوسط آمدنی والے طبقات پر نہ پڑے۔ اس مقصد کے لیے مختلف آپشنز اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق بات چیت کے دوران یہ بھی دیکھا جائے گا کہ مجوزہ ترامیم حکومتِ پاکستان کی جانب سے کیے گئے مالیاتی وعدوں اور پروگرام کی شرائط سے ہم آہنگ ہیں یا نہیں۔

مزید برآں، بجلی کے نرخوں میں ممکنہ تبدیلی کے مہنگائی، مالیاتی خسارے اور مجموعی معاشی استحکام پر اثرات کا بھی تفصیلی تجزیہ کیا جائے گا۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلے سے قبل تمام معاشی پہلوؤں اور سماجی اثرات کو مدنظر رکھا جائے گا تاکہ پالیسی اقدامات متوازن اور پائیدار ہوں۔