پاک بھارت ٹاکرا، 10 سیکنڈ کے اشتہار کا ریٹ 40 لاکھ تک جا پہنچا
کھیل

پاک بھارت ٹاکرا، 10 سیکنڈ کے اشتہار کا ریٹ 40 لاکھ تک جا پہنچا

16 Feb 2026 1,363

پاک بھارت ٹاکرا مقابلہ محض کرکٹ میچ نہیں رہا بلکہ یہ ایک معاشی دھماکا بن چکا ہے۔ ماہرین نے اسے باقاعدہ “کمرشل سپرنووا” کا نام دیا ہے کیونکہ اشتہاری نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عام حالات میں ٹی20 ورلڈ کپ کے پریمیم 10 سیکنڈ اشتہار کی قیمت 20 سے 25 لاکھ بھارتی روپے ہوتی ہے، مگر روایتی حریفوں کی ٹکر نے یہی سلاٹ 40 لاکھ تک پہنچا دیا۔

آٹو، ایف ایم سی جی اور فِن ٹیک کمپنیوں کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے، جب کہ ڈیجیٹل اسٹریمنگ پلیٹ فارم JioHotstar بھی 10 سیکنڈ کے لیے 15 سے 20 لاکھ روپے وصول کر رہا ہے۔

اندازوں کے مطابق پورے ایونٹ سے 2 ہزار کروڑ روپے تک کی اشتہاری آمدن متوقع ہے، جس کا بڑا حصہ اسی ہائی وولٹیج میچ سے جڑا ہے۔

دوسری جانب میزبان شہر کولمبو میں بھی بخار عروج پر ہے۔ آر پریما داسا کرکٹ اسٹیڈیم کے اطراف ہوٹل بکنگ میں نمایاں اضافہ اور فضائی کرایوں میں 300 فیصد تک چھلانگ ریکارڈ کی گئی ہے۔

اربوں کے اس کھیل میں اگر کوئی غیر یقینی عنصر ہے تو وہ صرف بارش کا خدشہ ہے، جو اس تاریخی مقابلے کی چمک ماند کر سکتا ہے۔