تازہ ترین:
جیل میں آنکھ کا درد اور دودھ کی شکایت نہیں چلتی، صدر آصف زرداری
قومی خبریں

جیل میں آنکھ کا درد اور دودھ کی شکایت نہیں چلتی، صدر آصف زرداری

16 Feb 2026 5,556

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حقیقی لیڈر وہ ہوتا ہے جو عوام اور اپنی جماعت کو بچاتے ہوئے خود جیل کاٹتا ہے، بہانے نہیں بناتا۔

انہوں نے نام لیے بغیر مخالف قیادت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کا دعویٰ کرنے والے کبھی آنکھ کے درد اور کبھی دودھ نہ ملنے کی شکایت کرتے ہیں، حالانکہ جیل، جیل ہی ہوتی ہے جہاں سہولیات نہیں ہوتیں۔

چانگ ہاؤس نواز آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاست جمہوری انداز میں کی جاتی ہے، ہتھیار اٹھانا نہ ملک کے مفاد میں ہے اور نہ عوام کے۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے تناظر میں کہا کہ تشدد کا راستہ اپنانا دشمن قوتوں کو فائدہ دیتا ہے۔

صدر نے بھارت کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں مذہبی تقسیم گہری ہو چکی ہے اور پاکستان کا قیام ایک تاریخی ضرورت تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ساڑھے 14 سال قید برداشت کی اور یہ سب کارکنوں کی طاقت سے ممکن ہوا۔

آصف زرداری نے واضح کیا کہ اقتدار کی پیشکش کے باوجود ان کی جماعت نے ملک کے استحکام کو ترجیح دی اور آئندہ بھی عوامی خدمت، زرعی ترقی اور علاقائی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا۔