تازہ ترین:
کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، سی ٹی ڈی کے آپریشن میں چار دہشتگرد ہلاک، بارودی فیکٹری بے نقاب
تازہ ترین

کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، سی ٹی ڈی کے آپریشن میں چار دہشتگرد ہلاک، بارودی فیکٹری بے نقاب

17 Feb 2026 2,134

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں محکمہ انسداد دہشتگردی سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز مقابلے میں زخمی ہونے والے چاروں دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ اسپتال ذرائع نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان عرف فرید شامل ہیں جبکہ ایک دہشتگرد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی اور اس کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی جنوری کے اوائل میں دو ہزار کلو بارودی مواد برآمد ہونے اور تین دہشتگردوں کی گرفتاری کے بعد سامنے آنے والی معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر شاہ لطیف ٹاؤن کے ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں ملزمان نے شدید فائرنگ شروع کردی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مقابلے کے دوران دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

زخمی اہلکاروں میں ہیڈ کانسٹیبل محمد یوسف اور سپاہی راجہ جنید شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے گھر میں بھاری مقدار میں بارودی مواد کی موجودگی کی تصدیق کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈرموں میں آئی ای ڈیز تیار کی جا رہی تھیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈیٹونیٹرز، ڈیٹونیٹک وائر اور مختلف سرکٹس بھی برآمد کرلیے ہیں۔ حکام کے مطابق بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کا عمل جاری ہے اور ڈی فیوز کرنے کے بعد اسے محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کا تعلق مبینہ طور پر فتنہ آل ہندوستان بشیر زیب نیٹ ورک سے ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔