نمیبیا کے خلاف سپر ایٹ کا فیصلہ کن میچ، قومی ٹیم میں بڑے تجربات متوقع
کھیل

نمیبیا کے خلاف سپر ایٹ کا فیصلہ کن میچ، قومی ٹیم میں بڑے تجربات متوقع

17 Feb 2026 8,607

پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نمیبیا کے خلاف کل کے اہم میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں بڑی تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دو سے تین کھلاڑیوں کی تبدیلی کا امکان ہے اور سینئر کھلاڑیوں کی جگہ بینچ اسٹریتھ کو موقع دینے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

یہ میچ پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ اگر ٹیم نمیبیا سے شکست کھا جاتی ہے تو سپر ایٹ مرحلے میں رسائی مشکل ہو سکتی ہے۔ تاہم، بارش کی صورت میں میچ ملتوی یا رکاوٹ کی شکار ہو جائے تو پاکستان کو ایک پوائنٹ حاصل ہوگا، جو اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف شکست کے بعد سابق کھلاڑی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کر چکے ہیں اور بعض نے بابر اعظم، شاہین آفریدی اور شاداب خان کو آرام دینے یا ڈراپ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

میچ میں متوقع تبدیلیوں میں کہا جا رہا ہے کہ شاہین آفریدی کی جگہ سلمان مرزا کو موقع دیا جا سکتا ہے، جبکہ بابر اعظم کی جگہ فخر زمان کو شامل کرنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ شاداب خان یا محمد نواز کی جگہ نسیم شاہ کو الیون میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ حتمی پلیئنگ الیون میچ سے قبل اعلان کرے گی اور اس بار وہ ایک متوازن کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی ہے تاکہ سپر ایٹ مرحلے کے لیے بہترین امکانات یقینی بنائے جا سکیں۔