اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے
کاروبار

اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے

16 Feb 2026 6,998

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز شدید مندی نے سرمایہ کاروں کو ہلا کر رکھ دیا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہنڈرڈ انڈیکس 5149 پوائنٹس کی بڑی کمی کے بعد 1 لاکھ 74 ہزار 453 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، جبکہ 78 فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں۔

بازارِ حصص میں اس بھاری گراوٹ کے باعث سرمایہ کاروں کے تقریباً 5 کھرب 77 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔ ایک موقع پر انڈیکس میں 6029 پوائنٹس تک کی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم اختتامی لمحات میں نچلی سطح پر خریداری بڑھنے سے نقصانات میں کچھ کمی آئی۔

ماہرین کے مطابق خطے میں ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے امریکا کے جارحانہ مؤقف سے پیدا ہونے والی جیوپولیٹیکل کشیدگی، عالمی کموڈٹی مارکیٹس میں غیر یقینی صورتحال، کمپنیوں کے کمزور مالی نتائج اور پری رمضان منافع خوری نے مارکیٹ کا اعتماد بری طرح متاثر کیا۔

مندی کے دوران 1 لاکھ 79 ہزار سے لے کر 1 لاکھ 75 ہزار پوائنٹس تک کی پانچ اہم نفسیاتی حدیں بھی ٹوٹ گئیں، جس سے مارکیٹ سینٹی منٹ مزید منفی ہوگیا۔