تازہ ترین:
بارش کا بڑا اپ سیٹ، آسٹریلیا ورلڈ کپ سے باہر، زمباوے سپر ایٹ میں پہنچ گیا
کھیل

بارش کا بڑا اپ سیٹ، آسٹریلیا ورلڈ کپ سے باہر، زمباوے سپر ایٹ میں پہنچ گیا

17 Feb 2026 2,770

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026  میں بارش نے ایک بڑا اپ سیٹ رقم کرتے ہوئے آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے سفر کا اختتام کر دیا، جبکہ زمبابوے غیر متوقع طور پر سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا۔

پالیکیلے میں شیڈول زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان اہم معرکہ موسلا دھار بارش کی نذر ہوگیا۔ میدان گیلا ہونے کے باعث امپائرز ٹاس تک نہ کراسکے، یوں میچ منسوخ قرار دے کر دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

اس نتیجے نے گروپ بی کی صورت حال یکسر بدل دی۔ زمبابوے کے پوائنٹس پانچ ہوگئے اور وہ اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہا، جبکہ آسٹریلیا اور آئرلینڈ کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔

گروپ بی سے سری لنکا پہلے ہی چھ پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی تھی۔ دوسری جانب آسٹریلیا کا عمان کے خلاف اور سری لنکا کا زمبابوے کے خلاف ایک، ایک میچ ابھی باقی ہے، تاہم پوائنٹس ٹیبل کی موجودہ صورتحال میں آسٹریلوی ٹیم کی ممکنہ فتح بھی اسے اگلے مرحلے تک نہیں پہنچا سکے گی۔

یوں بارش نے اس عالمی ایونٹ میں نہ صرف شیڈول متاثر کیا بلکہ بڑے ناموں کو بھی دوڑ سے باہر کردیا، جبکہ زمبابوے نے خاموشی سے تاریخ رقم کر دی۔