کاروبار
یکم رمضان پر ملک بھر کے بینکس میں لین دین معطل رہے گا
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ یکم رمضان المبارک 1447 ہجری کو ملک بھر میں بینک عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ تعطیل زکوٰۃ کٹوتی کے سلسلے میں دی جا رہی ہے، جس کے تحت تمام سرکاری و نجی بینک، ترقیاتی مالیاتی ادارے اور مائیکروفنانس بینک اس روز عوام سے مالی لین دین نہیں کریں گے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگرچہ کاؤنٹر سروسز اور عوامی ٹرانزیکشن معطل رہیں گی، تاہم بینکوں اور مالیاتی اداروں کا عملہ معمول کے مطابق دفاتر میں حاضر ہوگا تاکہ اندرونی امور اور زکوٰۃ کٹوتی کے عمل کو مکمل کیا جا سکے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان کے مطابق صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی بینکاری ضروریات یکم رمضان سے قبل یا بعد میں نمٹائیں، جبکہ آن لائن بینکاری اور اے ٹی ایم سروسز معمول کے مطابق دستیاب رہیں گی۔
