فرحان کی طوفانی سنچری، پاکستان نمیبیا کو ہرا کر سپر ایٹ میں پہنچ گیا
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمیبیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے میں جگہ پکی کرلی۔
کولمبو کے تاریخی سنہالی اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں 200 رنز کے تعاقب میں نمیبیا کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی۔ وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور 16 اوورز تک ٹیم کے آٹھ کھلاڑی 96 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔
فرائیلنک 9، لافٹی ایٹن 5، اسٹینکیمپ 23 اور کپتان گیرہارڈ ایراسموس 7 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا۔ 17ویں اوور کی تیسری گیند پر پوری ٹیم 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے تین شکار کیے جبکہ نواز اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار اور ناقابلِ شکست 100 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
ان کا ساتھ شاداب خان نے دیا جو 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ مقررہ 20 اوورز میں پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور کیے۔
یہ فرحان کے کیریئر کی پہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری ہے اور وہ احمد شہزاد کے بعد ورلڈکپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔
کپتان سلمان علی آغا 38، صائم ایوب 14 اور خواجہ نافع 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نمیبیا کے جیک براسل نے دو جبکہ ایراسمس نے ایک وکٹ حاصل کی، تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن کو بڑی ضرب لگانے میں ناکام رہے۔
