سپر 8 مرحلہ، ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے دھول چٹادی
کھیل

سپر 8 مرحلہ، ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے دھول چٹادی

23 Feb 2026 5,434

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دے دی۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو اس کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔

ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے ایکشن کا ایسا مظاہرہ کیا کہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل دی۔ ٹیم نے مجموعی طور پر 19 چھکے اور 16 چوکے لگائے، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کے سب سے بڑے اسکورز کے قریب پہنچنے کی دلیل ہے۔

یاد رہے کہ اب تک سب سے بڑا اسکور سری لنکا کے پاس ہے، جنہوں نے 2007 میں کینیا کے خلاف 260 رنز بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز میں شیمرون ہیٹ مائر نے 34 گیندوں پر 85 رنز بنائے، جن میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے، جبکہ رومان پاول نے 29 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور 59 رنز بنائے۔ شیرفین ردرفورڈ نے 31 رنز کا اضافہ کیا۔ زمبابوے کی طرف سے موزاربانی اور ناگا وارا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم سست آغاز کے ساتھ دباؤ میں رہی اور 18 ویں اوور میں 147 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ ٹیم کی طرف سے بریڈ ایونز 43 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے رہے، جس میں 5 چھکے شامل تھے، جبکہ ڈین میرز نے 28 اور کپتان سکندر رضا نے 27 رنز جوڑے۔

ویسٹ انڈیز کی باؤلنگ میں گداکیش موتی نے 4 جبکہ عقیل حسین نے 3 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔