بروک کی سنچری نے پاکستان سے جیت چھین لی، انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا
سپر ایٹ مرحلے کے اہم مقابلے میں انگلینڈ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، جہاں کپتان ہیری بروک کی شاندار سنچری فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
پالیکیلے میں کھیلے گئے میچ میں 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کیا۔ ہیری بروک 100 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر نمایاں رہے جبکہ ول جیکس 28 اور سیم کرن 16 رنز بنا سکے، دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ عثمان طارق اور محمد نواز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے والی پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی۔ صاحبزادہ فرحان 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ فخر زمان اور بابر اعظم نے 25، 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ شاداب خان 23 رنز بنا سکے جبکہ دیگر بیٹرز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عادل راشد کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
