سپر 8، سری لنکا کے خلاف نیوزی لینڈ کی فتح، پاکستان کی راہ مشکل
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 61 رنز سے شکست دے کر میزبان ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا، جبکہ اس نتیجے نے پاکستان کی مشکلات بھی بڑھا دیں۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔ کیوی کپتان مچل سینٹنر 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ رچن رویندرا 32، کول میک کونکی 31، فن ایلن 23 اور گلین فلپس 18 رنز بنا سکے۔ نیوزی لینڈ نے آخری چار اوورز میں 70 رنز اسکور کر کے بڑا ٹوٹل ترتیب دیا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز تک محدود رہی۔ کمنڈومینڈس 31 اور دونیتھ ویلالگے 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بولنگ میں مہیش تھیک شنا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دشمنتھا چمیرا نے بھی 3 کھلاڑی آؤٹ کیے، تاہم ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
اس فتح کے بعد نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 2 میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ دوسری جانب سری لنکا سپر 8 مرحلے کے دونوں میچ ہار کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔
نتیجے کے باعث پاکستان کے لیے سیمی فائنل تک رسائی مزید مشکل ہو گئی ہے اور قومی ٹیم کو اپنے اگلے میچ کے ساتھ دیگر نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔
