ورلڈکپ میں سب پر بھاری فرحان، پاکستان کے 37 فیصد رنز اکیلے بیٹر کے نام
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے بیٹنگ لائن کو سنبھالے رکھا اور اپنی ٹیم کے سب سے قابلِ اعتماد بیٹر ثابت ہوئے۔ ایک دلچسپ تجزیے کے مطابق فرحان نے نہ صرف نمایاں انفرادی کارکردگی دکھائی بلکہ ٹیم کے مجموعی اسکور میں سب سے زیادہ حصہ ڈالنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے مجموعی 1027 رنز میں سے 383 رنز اکیلے صاحبزادہ فرحان نے اسکور کیے، جو کل اسکور کا تقریباً 37 فیصد بنتا ہے۔ یہ شرح ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کے ٹاپ اسکورر کی جانب سے سب سے زیادہ رہی، جو ان کی مستقل مزاجی اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا واضح ثبوت ہے۔
دیگر ٹیموں کے ٹاپ اسکوررز بھی نمایاں رہے تاہم شرح کے اعتبار سے فرحان سب پر سبقت لے گئے۔ زمبابوے کے برائن بینٹ نے ٹیم کے 941 رنز میں سے 292 رنز بنائے، جو 31 فیصد بنتے ہیں۔ آئرلینڈ کے لوکان ٹکر نے 493 میں سے 139 رنز اسکور کیے، ان کی شرح 28 فیصد رہی۔
اسی طرح نیپال کے دیپیندرا سنگھ ایری نے 607 میں سے 169 رنز بنا کر 27.84 فیصد حصہ ڈالا، جبکہ نیدرلینڈز کے باس ڈی لیڈے نے 585 میں سے 158 رنز اسکور کیے جو 27 فیصد بنتے ہیں۔
ماہرین کرکٹ کے مطابق کسی بھی بیٹر کا ٹیم کے مجموعی اسکور میں اتنا بڑا حصہ ڈالنا اس کی فارم، تسلسل اور ذمہ داری کا مظہر ہوتا ہے۔ صاحبزادہ فرحان کی یہ کارکردگی نہ صرف پاکستان کے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ انہیں ٹورنامنٹ کے نمایاں ترین بیٹرز کی صف میں بھی لا کھڑا کرتی ہے۔
