شہید علی خامنہ ای کے جنازے کے جلوس میں لاکھوں افراد شریک،سب سے بڑا اجتماع قرار
ایرانی میڈیا کے مطابق حکام نے اس اجتماع کو ملک کی جدید تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع قرار دیا ہے۔
تہران میں شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کے جلوس میں بڑی تعداد میں عوام شریک ہیں۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق شہید سپریم لیڈر کے جنازے کا جلوس دارالحکومت میں شروع ہوا جس میں سوگواروں کا ایک بڑا ہجوم شریک ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جلوس کا آغاز تہران کی گرینڈ مصلّیٰ سے ہوا جہاں شہید خامنہ ای کا جسدِ خاکی گزشتہ دو روز سے عوامی دیدار کے لیے رکھا ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جلوس تقریباً 10 کلومیٹر کا راستہ طے کرے گا اور یہ 10 سے 12 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
جلوس دماؤند اسٹریٹ، امام حسین اسکوائر، انقلاب اسٹریٹ، انقلاب اسکوائر، آزادی اسٹریٹ، آزادی اسکوائر اور شہید لشکری ہائی وے سے گزرے گا۔
جلوس کے بعد شہید سید علی خامنہ ای کے جسدِ خاکی کو قم منتقل کیا جائے گا۔
ایران کے سابق نائب صدر اور سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ شہید ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کا بدلہ لیا جائے گا۔
گزشتہ روز شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے کے بعد سرکاری میڈیا سے گفتگو میں محمد مخبر نے کہا کہ ’ہمارے شہید امام کے قاتل طبعی موت نہیں مریں گے، لوگ اس کا انتقام لیں گے، نظام اس کا انتقام لے گا‘۔
محمد مخبر نے مزید کہا کہ یہ تصور کرنا ہی ناممکن ہے کہ شہید سپریم لیڈر کے قاتل اس زمین پر زندہ سلامت رہیں، انتقام تو لیا جائے گا۔
