یورپ کا ایران کے خلاف بڑا قدم، پاسدارانِ انقلاب پر دہشت گردی کی مہر لگانے کی تیاری
تازہ ترین

یورپ کا ایران کے خلاف بڑا قدم، پاسدارانِ انقلاب پر دہشت گردی کی مہر لگانے کی تیاری

30 Jan 2026 8,951

یورپی یونین نے ایران کے طاقتور ادارے پاسداران انقلاب کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے اسے دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔

یہ فیصلہ یورپی وزرائے خارجہ کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جسے ایران اور یورپ کے تعلقات میں ایک نازک موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کاجا کالاس نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر اب مزید ابہام باقی نہیں رہا اور فیصلہ کن مرحلہ طے ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ریاستیں اپنے ہی شہریوں کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کرتی ہیں، انہیں عالمی برادری میں اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یورپی ذرائع کے مطابق آئندہ مرحلے میں رکن ممالک قانونی اور تکنیکی تقاضے مکمل کرنے کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کریں گے، جس کے بعد پاسداران انقلاب سے منسلک اثاثے منجمد کیے جا سکتے ہیں، مالی لین دین محدود ہوگا اور متعلقہ افراد پر سفری پابندیاں بھی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ایران نے یورپی فیصلے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین امریکا اور اسرائیل کی پالیسیوں کے زیر اثر آ کر ایک سنگین سیاسی غلطی کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے نہ صرف خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے بلکہ ایران اور یورپ کے دوطرفہ تعلقات بھی شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔