ایران سے معاہدے کی ناکامی کی صورت میں سنگین انجام ہوگا، ٹرمپ کی دھمکی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر بات چیت کسی معاہدے پر منتج نہ ہوئی تو اس کے نتائج نہایت خطرناک ہو سکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ وینزویلا کی جانب بھیجے گئے بحری بیڑے سے بھی بڑا امریکی بحری بیڑا ایران کی سمت روانہ ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران کے ساتھ کسی ڈیل تک پہنچنا چاہتا ہے، کیونکہ یہی بہتر راستہ ہے، تاہم ناکامی کی صورت میں حالات بگڑ سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ امریکی نمائندہ اسٹیو وٹکوف جمعے کے روز ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے، جسے مذاکرات کا ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی امور پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کے لیے پیش رفت ہو رہی ہے اور وہ اس حوالے سے مثبت خبریں سامنے آنے کے لیے پُرامید ہیں۔
ان کے مطابق اس جنگ نے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا نقصان کیا ہے جسے روکنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ان کا جیفری ایپسٹین اسکینڈل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ امریکی صنعتوں کے تحفظ کے لیے اہم معدنیات کا اسٹریٹجک ذخیرہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد امریکہ کو معاشی طور پر مزید مضبوط بنانا ہے۔
