سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند آج دیکھا جائے گا
سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں آج ہلال کی رویت کے لیے باقاعدہ اہتمام کیا جا رہا ہے، جس کے بعد نئے اسلامی مہینے کے آغاز یا شعبان کے 30 دن مکمل ہونے کا اعلان کیا جائے گا۔
سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج بروز منگل چاند دیکھنے کی کوشش کریں اور اگر ہلال نظر آئے تو فوری طور پر قریبی عدالت یا مجاز سرکاری ادارے کو اطلاع دیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عینی شہادت کے ساتھ تحریری اطلاع دینا بھی ضروری ہے تاکہ رویتِ ہلال کے حتمی فیصلے میں سہولت ہو۔
اسی تناظر میں متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عمان میں بھی سرکاری و نجی سطح پر رویتِ ہلال کمیٹیاں سرگرم عمل ہیں۔ ان ممالک میں ماہرینِ فلکیات کی آرا کو بھی روایتی شہادتوں کے ساتھ مدنظر رکھا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق اگر آج چاند نظر آ گیا تو نیا اسلامی مہینہ بدھ سے شروع ہو جائے گا، بصورت دیگر شعبان کے تیس دن مکمل کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں ہلال سے متعلق اعلان کو دنیا کے کئی اسلامی ممالک میں خصوصی اہمیت حاصل ہے اور متعدد ریاستیں اپنے فیصلے سعودی اعلان کی روشنی میں مرتب کرتی ہیں۔
