دبئی، رمضان میں منافع خوری پر ایک لاکھ درہم تک جرمانے کا اعلان
دبئی میں رمضان المبارک سے قبل اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ مقدس مہینے کے دوران منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹیز نے مارکیٹس، سپر اسٹورز اور تجارتی مراکز کے اچانک معائنے شروع کر دیے ہیں تاکہ چاول، چینی، دودھ، کوکنگ آئل اور دیگر بنیادی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے مقررہ نرخوں سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دکانداروں کو باضابطہ طور پر خبردار کر دیا گیا ہے کہ وہ سرکاری قیمتوں کی مکمل پابندی کریں۔
انتظامیہ نے شہریوں کو بھی متحرک کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ اگر کسی دکان یا سپر مارکیٹ میں ناجائز اضافہ یا بدعنوانی نظر آئے تو متعلقہ اداروں کو شکایت درج کرائی جا سکتی ہے، جس پر فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق خلاف ورزی ثابت ہونے پر تاجر یا کاروباری ادارے پر ایک لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 76 لاکھ روپے بنتا ہے۔ دبئی انتظامیہ نے عندیہ دیا ہے کہ نگرانی کا یہ سلسلہ پورے رمضان جاری رہے گا تاکہ منڈیوں میں شفافیت اور قیمتوں کا استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
