بھارت، ایک اور ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث سمندر میں جا گرا
عالمی خبریں

بھارت، ایک اور ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث سمندر میں جا گرا

25 Feb 2026 5,492

بھارت میں فضائی حادثات کے تسلسل کے درمیان ایک اور واقعہ سامنے آیا، جہاں انڈمان و نکوبار جزائر کے قریب ایک سرکاری ہیلی کاپٹر دورانِ پرواز فنی خرابی کے باعث سمندر میں ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر میں دو عملے کے ارکان اور پانچ مسافر سوار تھے، جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔ پرواز صبح 8 بج کر 45 منٹ پر سری وجیا پورم سے مایابندر کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر سمندر کے اوپر اچانک تکنیکی مسئلہ پیدا ہو گیا۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق پائلٹ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں رکھا اور انڈمان و نکوبار کے قریب سمندر میں کنٹرولڈ کریش لینڈنگ کی۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

تمام مسافروں اور عملے کو ابتدائی طبی معائنے کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں خوش قسمتی سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے تکنیکی خرابی کا شبہ ظاہر ہوا ہے، جبکہ واقعے کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل بھارت میں ایئر ایمبولینس حادثے میں سات افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جس کے بعد تازہ واقعہ نے فضائی تحفظ کے حوالے سے مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔