امریکی۔اسرائیلی حملہ: ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای شہید
تازہ ترین

امریکی۔اسرائیلی حملہ: ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای شہید

01 Mar 2026 3,576

ایران میں ایک غیر معمولی اور ہنگامہ خیز پیش رفت کے دوران رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای ایک مبینہ مشترکہ امریکی۔اسرائیلی فضائی کارروائی میں شہید ہوگئے۔

ایرانی سرکاری میڈیا نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کے وقت وہ اپنے دفتر میں موجود تھے۔

سرکاری اعلان کے مطابق ملک میں 40 روزہ قومی سوگ منایا جائے گا جبکہ ابتدائی سات دن عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ تہران سمیت مختلف شہروں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی ہے۔

مذہبی مقامات پر سوگ کی علامتیں

ایران کے شہر مشہد میں واقع حرم امام رضا کے گنبد پر سیاہ پرچم لہرا دیا گیا، جو روایتی طور پر گہرے سوگ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ عراق میں مقدس مزارات پر سرخ روشنیاں جلائی گئیں، جنہیں انقلاب اور مزاحمت کی علامت قرار دیا جاتا ہے۔

ایرانی میڈیا کی جانب سے جاری ویڈیوز میں حرم امام رضا کے احاطے میں شہریوں کو غم سے نڈھال اور اشکبار دیکھا جا سکتا ہے۔ مشہد میں ہزاروں افراد تعزیت اور احتجاج کے لیے جمع ہوگئے۔

پاسدارانِ انقلاب کا سخت ردعمل

ایران کی طاقتور فورس اسلامی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تاریخ کی سب سے سخت اور فیصلہ کن کارروائی کی تیاری مکمل ہے اور دشمن کو جلد جواب دیا جائے گا۔ بیان میں عندیہ دیا گیا کہ جوابی آپریشن کسی بھی وقت شروع ہوسکتا ہے۔

ریاستی ٹی وی کے مطابق اس حملے میں سابق اعلیٰ عہدیدار علی شمخانی اور پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر حسین پاکپور بھی جاں بحق ہوئے۔

بعد ازاں بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی کو پاسدارانِ انقلاب کا نیا کمانڈر اِن چیف مقرر کر دیا گیا ہے۔

خاندانی نقصان کی اطلاعات

ایرانی ذرائع کے مطابق حملے میں رہبرِ اعلیٰ کے قریبی اہلِ خانہ بھی نشانہ بنے، جن میں ان کی بیٹی، نواسی، داماد اور بہو شامل ہیں۔ ان اطلاعات نے عوامی غم و غصے میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔