حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم حملے میں شہید، اسرائیلی وزیر دفاع کا دعویٰ
عالمی خبریں

حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم حملے میں شہید، اسرائیلی وزیر دفاع کا دعویٰ

02 Mar 2026 3,693

اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر شدید فضائی حملے کیے ہیں، جس میں اہم رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا کہ لبنان پر حالیہ کارروائی میں حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔

وزیر دفاع کے مطابق یہ کارروائیاں براہ راست وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی ہدایت پر کی جا رہی ہیں، اور اسرائیلی فوج کو حزب اللہ کے خلاف طاقت کے ساتھ کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ بیروت میں ایک بڑے ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا گیا، جس میں حزب اللہ کے ایک اہم کمانڈر شامل تھے۔

حزب اللہ نے ابھی تک نعیم قاسم کی شہادت کی تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم تنظیم کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ حملے کے بعد سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب فلسطینی جہادی تنظیم اسلامی جہاد نے دعویٰ کیا کہ بیروت میں اسرائیلی حملے میں ان کے اہم کمانڈر ادھم العثمان 41 سالہ عمر میں ساتھیوں سمیت شہید ہو گئے۔ ادھم العثمان القدس بریگیڈز کے لبنانی محاذ کے کمانڈر تھے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان میں 70 سے زائد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ متوقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ حملے مستقبل قریب میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان مزید ردعمل کا سبب بن سکتے ہیں، اور بین الاقوامی سطح پر تناؤ بڑھا سکتے ہیں۔