ایران کے ڈرون اور میزائل سے اسرائیل سمیت مختلف خلیجی ممالک پر حملے جاری
تازہ ترین

ایران کے ڈرون اور میزائل سے اسرائیل سمیت مختلف خلیجی ممالک پر حملے جاری

03 Mar 2026 7,436

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی نے ہمہ گیر تصادم کی شکل اختیار کر لی ہے۔ ایران نے اسرائیل پر میزائل حملوں کا نیا مرحلہ شروع کرتے ہوئے تل ابیب، یروشلم اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد افراد زخمی ہوئے، گاڑیاں تباہ ہوئیں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ بعض اسرائیلی میڈیا اداروں نے ہلاکتوں کی بھی خبر دی ہے، تاہم مختلف ذرائع میں اعداد و شمار متضاد ہیں۔

مقبوضہ بیت المقدس میں ایک میزائل گرنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سائرن بجتے ہی شہری بنکروں کی طرف دوڑ پڑے جبکہ ہنگامی ٹیمیں متاثرہ مقامات پر پہنچ گئیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حملوں کی نوعیت اور نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

کشیدگی کا دائرہ اسرائیل تک محدود نہیں رہا۔ کویت سٹی میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھواں اٹھتے دیکھا گیا، جس کے بعد سفارتخانے نے اپنی ویب سائٹ پر شہریوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ عمارت کے قریب نہ آئیں، گھروں کی نچلی منزل پر پناہ لیں اور کھڑکیوں سے دور رہیں۔ حکام نے خبردار کیا کہ میزائل اور ڈرون حملوں کا خطرہ برقرار ہے۔

بحرین کے دارالحکومت منامہ، قطر کے دوحہ اور متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی میں بھی دھماکوں اور جنگی طیاروں کی پروازوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات ہیں۔

امریکی نشریاتی اداروں کے مطابق دوحہ اور دبئی میں رات گئے یکے بعد دیگرے زور دار دھماکوں نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔

عراق کے خودمختار کرد خطے کے دارالحکومت اربیل میں بھی شدید دھماکوں کی خبر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اربیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو عراقی فضائی دفاعی نظام نے روکنے کی کارروائی کی۔ ادھر کویت میں مینا الاحمدی آئل ریفائنری کے قریب ملبہ گرنے سے دو کارکن معمولی زخمی ہوئے۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے فضائی خطرے کے سائرن فعال کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے، جبکہ منامہ کو ملانے والا اہم پل عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ خطے بھر میں ہائی الرٹ نافذ ہے اور حکام شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی تلقین کر رہے ہیں۔