چین اور دیگر ممالک آبنائے ہرمزمیں بحری بیڑے بھیجیں،بےبس ٹرمپ کی پھراپیل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر چین، جاپان اور دیگر ملکوں سے آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے مدد کی اپیل کردی۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا کہ ایران کے دفاعی نظام کو تیزی سے تباہ کر رہے ہیں، آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیاں ڈبودی ہیں، آبنائے ہرمز سے امریکا کا صرف ایک فیصد تیل جاتا ہے، چین، جاپان اور دیگر ملکوں کے تیل کا بڑا حصہ آبنائے ہرمز سے جاتا ہے، جن ملکوں کا تیل آبنائے ہرمز سے جاتا ہے ان سے کہتے ہیں آگے آئیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا کہ چین کا 90 اور جاپان کا 95 فیصد اورکوریا کا 35 فیصد تیل ہرمز سے گزرتا ہے، چین اور دیگر ممالک آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے بحری بیڑے بھیجیں، ایران کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں میں 90 فیصد کمی ہوگئی ہے، 100 سے زائد ایران کے بحری جہاز تباہ کیےگئے ہیں، ایرانی رجیم کا خاتمہ کیا گیا ، ایران کی بحری فوج کو مکمل طور پر مفلوج کردیا گیا، ایران میں 7 ہزار کمرشل اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی موجودہ قیادت کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کو یہ تک معلوم نہیں کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای زندہ ہیں یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی وجہ سے امریکا کو یہ بھی واضح نہیں کہ ایران میں مذاکرات کے لیے کس سے بات کی جائے۔
پیر کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی قیادت کے بارے میں مختلف خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
ان کے مطابق بعض افراد کا کہنا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں اور ان کی حالت بہت خراب ہے، جبکہ کچھ اطلاعات میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ کچھ لوگ یہ بھی دعویٰ کر رہے ہیں کہ مجتبیٰ خامنہ ای ایک حملے میں شدید زخمی ہوئے اور ممکن ہے کہ ان کی ایک ٹانگ ضائع ہو گئی ہو۔تاہم انہوں نے کہا کہ کسی کے پاس اس بارے میں واضح معلومات نہیں ہیں اور کوئی بھی یہ نہیں کہہ رہا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
ان کے بقول چونکہ انہوں نے حالیہ دنوں میں عوامی طور پر کوئی بیان نہیں دیا اس لیے صورتحال مزید غیر واضح ہو گئی ہے۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا کو اس وقت یہ بھی معلوم نہیں کہ ایران میں اصل قیادت کس کے ہاتھ میں ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی ڈرون اور میزائل بنانےکی صلاحیت ختم کر رہے ہیں، ایران کے دفاعی صنعتی ڈھانچے، اس کی میزائل اور ڈرون دوبارہ بنانے کی صلاحیت کو انتہائی جارحانہ انداز میں ختم کر رہے ہیں، امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں پھیلانے والے 30 بحری جہازوں کو تباہ کردیا، یقین سے نہیں کہاجاسکتا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھائی ہیں یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی فوجی طاقت کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے وہ اب صرف نام کا شیر رہ گیا، وہ ایک ہفتہ پہلے تک کاغذی شیر نہیں تھا لیکن اب ہے، ایران نے آبنائے ہرمز کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنےکی کوشش کر رہا ہے، ہمارے پاس تیل کی اتنی بڑی مقدار ہےکہ ہم اب نمبر ون ہیں اور ہم کسی بھی دوسری قوم کے مقابلےمیں دگنا تیل پیدا کر رہے ہیں، بہت جلد یہ کسی بھی دوسری قوم سے تین گنا ہو جائےگا۔
