48گھنٹوں میں معاہدہ نہ ہوا تو ایران پر قیامت ٹوٹ پڑے گی، ٹرمپ کی دھمکی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے پاس 48 گھنٹے ہیں کہ وہ کوئی معاہدہ کر لے یا آبنائے ہرمز کھول دے، ورنہ اس پر قیامت ٹوٹ پڑے گی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یاد رکھیں جب میں نے ایران کو 10 دن دیے تھے کہ معاہدہ کرے یا آبنائے ہرمز کھول دے۔
ٹرمپ نے کہا کہ اب 10 دن کا دیا وقت ختم ہو رہا ہے، 48 گھنٹے رہ گئے ہیں، معاہدہ نہ ہوا تو ایران پر قیامت ٹوٹ پڑے گی۔
ایران نے امریکا کی 48 گھنٹے کی جنگ بندی کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہ سیزفائر ہماری شرط پر ہوگا۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ایران نے ایک نامعلوم ذریعے کے حوالے سے اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
اس سے قبل امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ ایران نے ثالثوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات کے لیے تیار نہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ ایران صرف مستقل اور جامع جنگ بندی کو قبول کرے گا عارضی سیز فائر قابل قبول نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگ کے باعث ہونے والے نقصانات کا ازالہ بھی ایران کے اہم مطالبات میں شامل ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ امریکا کی کچھ شرائط کو ضرورت سے زیادہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اعتماد کی سطح صفر ہو چکی ہے۔
