اڑان بھرتے ہی برٹش ایئر ویز کے طیارے کا پہیا گر گیا، ویڈیو وائرل
امریکی شہر لاس ویگاس کے ائیرپورٹ سے برٹش ایئر ویز کی ائیر بس اے 350-1000 نے لندن کے لیے روانگی کے دوران ایک انتہائی خطرناک واقعہ دیکھا، جب مین لینڈنگ-گیئر کا ایک پہیا ٹیک آف کے چند منٹ بعد گر گیا۔
یہ واقعہ ہری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانگی کے دوران پیش آیا۔ خوش قسمتی سے طیارے نے بغیر کسی رکاوٹ کے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر محفوظ لینڈنگ کی۔
اس واقعے کا منظر ویڈیو میں کیپچر کیا گیا، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پہیا مین لینڈنگ گیئر کے ریٹریکٹ ہوتے ہی ٹکرا کر زمین پر گر گیا۔
ائیر بس اے 350-1000 میں کل 14 پہیے ہوتے ہیں، جن میں دو نوز لینڈنگ گیئر اور دو سکس-ویل مین لینڈنگ گیئر شامل ہیں، ہر جانب چھ پہیے ہوتے ہیں۔ اس چھ پہیوں والی مین گیئر کنفیگریشن کے باعث ائیر بس اے 350-1000 ،A350-900 سے منفرد ہے۔
برٹش ایئر ویز نے بتایا کہ وہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں تاکہ حادثے کی وجہ معلوم کی جا سکے۔
