معیشت کا بڑا امتحان قریب، آئی ایم ایف مشن 25 فروری کو اسلام آباد پہنچے گا
پاکستان کی معاشی سمت کا تعین کرنے والا اہم مرحلہ آن پہنچا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا جائزہ مشن 25 فروری کو پاکستان کا دورہ کرے گا جہاں تیسرے اقتصادی جائزے کے تحت حکومتی کارکردگی اور طے شدہ اہداف کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی حکام مشن کو جولائی تا دسمبر 2025 کی معاشی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیں گے، جس میں ٹیکس اصلاحات، توانائی شعبے کی صورتحال، مانیٹری پالیسی اور زرمبادلہ ذخائر سرفہرست ہوں گے۔
وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائمری اور صوبائی کیش سرپلس اہداف حاصل کر لیے گئے، تاہم ٹیکس وصولیوں میں 329 ارب روپے کا شارٹ فال سامنے آیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایف بی آر نے چھ ماہ میں 6 ہزار 161 ارب روپے جمع کیے جبکہ صوبوں نے ایک ہزار 179 ارب روپے کیش سرپلس دیا۔ نجکاری پروگرام، خصوصاً پی آئی اے سے متعلق پیش رفت بھی مذاکرات کا حصہ ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جائزہ کامیاب ہونے پر پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی نئی قسط مل سکتی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 2027 تک 3.7 ارب ڈالر مزید حاصل ہونے کی توقع ہے۔
