دلچسپ و عجیب
جی پی ایس پر اندھا اعتماد مہنگا پڑ گیا، ڈیلیوری وین دلدل میں پھنس گئی
برطانیہ میں جدید ٹیکنالوجی پر ضرورت سے زیادہ انحصار ایک ایمازون ڈرائیور کیلئے مشکل بن گیا جب جی پی ایس کی ہدایات پر چلتے ہوئے اس کی ڈیلیوری وین خطرناک دلدلی علاقے میں پھنس گئی۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور فاؤلنیس آئی لینڈ جانے کی کوشش میں ایسیکس کے قدیم راستے بروم وے پر پہنچ گیا، جو دراصل گاڑیوں کیلئے نہیں بلکہ صرف پیدل سفر کیلئے مخصوص ہے۔
برطانوی کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق یہ علاقہ انتہائی خطرناک ہے کیونکہ یہاں دلدل اور جوار بھاٹے کی صورتحال کسی بھی وقت گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے، جبکہ یہ علاقہ وزارتِ دفاع کی شوٹنگ رینج بھی ہے جہاں رسائی مخصوص اوقات میں ہی ممکن ہوتی ہے۔
ڈرائیور محفوظ طور پر باہر نکل آیا اور کمپنی کو واقعے سے آگاہ کیا، جس کے بعد امدادی کارروائی کے ذریعے وین کو بھی دلدل سے نکال لیا گیا۔
